نئی دہلی، 21؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )گجرات میں دلتوں کی پٹائی کے معاملات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کی اتحادی جماعت لوجپا کے سربراہ اورمرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے اس واقعہ کو کلنک بتایا اور اس مسئلے پر مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔اپنے ممبر پارلیمنٹ بیٹے چراغ پاسوان کے ساتھ پارٹی وفد کی قیادت کرتے ہوئے پاسوان نے اپوزیشن پارٹیوں پرسیاسی وجوہات کی بنا پربی جے پی پرنشانہ سادھنے کے لیے دلتوں کے کندھوں کو استعمال کرنے کابھی الزام لگایا۔انہوں نے سنگھ سے ملاقات کے بعد کہاکہ ہم نے اپنی تشویش کا اظہار کیاہے ،اس طرح کے واقعات ایک کلنک ہیں۔تاہم ایل جے پی سربراہ نے اس واقعہ پر حکومت کے جواب پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس واقعہ میں کچھ دلتوں کی مردہ گائے کی کھال کو اتارنے کو لے کرپٹائی کی گئی تھی ۔پاسوان نے کہاکہ ہم سب کو اس پر سوچنے کے لیے ساتھ آنا چاہیے کہ کس طرح ایسے واقعات رکیں ۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر غور کرنے کے لیے جائے حادثہ پر مشترکہ پارلیمانی ٹیم بھیجنے کے اپوزیشن کے مطالبہ سے انصاف میں تاخیر ہوگی کیونکہ ریاستی حکومت نے فوری کارروائی کی ہے ۔